سرینگر//9اپریل کو سرینگر پارلیمانی حلقے میں ضمنی چناﺅ کے دوران آری زال بیروہ میں فوجی گاڑی کے بمپر سے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے والے فاروق احمد ڈار کی طبی جانچ اور امداد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کو کہاہے۔ انسانی حقوق کے مقامی کمیشن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے جمعرات کو یہ کیس کمیشن کے ممبر جنگ بہادر سنگھ جموال کے سامنے پیش ہوا۔فاروق احمد ڈار از خود کمیشن کے سامنے پیش ہوا اور اپنی روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے دوران وہ زخمی ہوا اور اسکی میڈکل جانچ کرائی جائے۔سماعت کے دوران کمیشن کے ممبر جنگ بہادر سنگھ جموال نے صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کو ہدایت دی کی متاثرہ نوجوان کی طبی جانچ کرائی جائے اور ضرورت پڑنے پر ترجیحی بنیادوں پر اس کو مفت طبی امداد فرہم کی جائے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اس سلسلے میں فوج نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔