ایم ایم پرویز
رام بن//اتوار کی صبح ڈیلٹا فورس ہیڈکوارٹر کے آرمی گیریژن میں ایک سنٹری پوسٹ میں ایک فوجی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔پولیس کے مطابق ملٹری پولیس (سی ایم پی) کی طرف سے ایک اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ڈیلٹا فورس ہیڈ کوارٹر میں ایک پوسٹ میں سنٹری ڈیوٹی کے دوران ایک آرمی اہلکار نے اپنی سروس رائفل AK-47سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔پولیس نے متوفی فوجی وجے کمار (27) ولد وجیندر کمار ساکنہ پیلانی، سورج گڑھ، ضلع جھنجھنو، راجستھان کی شناخت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا۔انچارج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ضلع ہسپتال، را م بن ڈاکٹر محمد رفیع نے بتایا کہ بٹوت پولیس نے ایک فوجی کی گولی سے زخمی لاش کو ضلع ہسپتال رام بن لایا تھا۔انہوں نے کہا کہ تفصیلی پوسٹ مارٹم کے بعد متوفی فوجی کی لاش کو فوج کے حوالے کر دیا گیا۔سٹیشن ہاؤس آفیسر بٹوت انسپکٹر وجے کوتوال نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متوفی فوجی کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے اور یہ معاملہ انسانی موت سے متعلق ہے اس لئے موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لئے رام بن پولس نے موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لئے پولیس سٹیشن بٹوت میں دفعہ 194 بی این ایس ایس کے تحت تفتیشی کارروائی شروع کردی ہے۔