نئی دہلی// سرحد پر ہندوستانی فوج کی کارروائی میں چار پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے درمیان فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے ایک بار پھر پاکستان کو وارننگ دی ہے کہ اگر وہ باز نہیں آتا ہے تو ہندوستان ایک بار پھر مجبوری میں دوسرا متبادل اپنانے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ جنرل راوت نے آرمی ڈے پر یہاں کری اپا پریڈ گراونڈ میں پریڈ کی سلامی لینے کے بعد خطاب میں پاکستان سے سخت لہجے میں کہا ’’پاکستان کی فوج دراندازوں کی مدد کرتی رہی ہے ، ہم انہیں سبق سکھا رہے ہیں۔اگر مجبور کیا گیا تو اور سخت کارروائی کریں گے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ فوج کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے میں پوری طرح اہل ہے اور اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہندوستان دوسرے متبادل کو بھی استعمال کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج سرحد پر کسی بھی طرح کی ناپاک حرکت کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ان ناپاک حرکتوں کا پوری طاقت سے جواب دے رہی ہے ۔ شمال مشرق میں حالات کو کافی حد تک کنٹرول میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر مبنی مہم سے انتہاپسند عناصر کی حرکتوں کو محدود کرنے میں فوج کوکامیابی ملی ہے ۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا ذکر کرتے ہوئے جنرل راوت نے کہا کہ ہمیں چوکنا رہنا ہوگا اور سائبر جرائم سے بھی سختی سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کو اپناکر فوج کو اس میں مہارت حاصل کرنی ہوگی کیوں کہ تربیت کے بغیر ان سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ہے ۔