سمت بھارگو
پونچھ/جموں// فوجی سربراہ جنرل اپیندر دویدی نے بدھ کے روز جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوجیوں کو تمام سیکورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔30 جون کو ہندوستانی فوج کے 30 ویں سربراہ کے طور پر چارج سنبھالنے کے بعد یہ جموں خطے کا ان کا پہلا دورہ تھا اور یہ جاری امرناتھ یاترا اور خاص طور پر پہاڑی اضلاع میں جاری بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیش نظر اہمیت کا حامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ آرمی چیف صبح جموں پہنچے اور ایل او سی پر سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سرحدی ضلع پونچھ پہنچے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان، لیفٹیننٹ جنرل سچندرا کمار اور جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوابھی تھے۔جنرل دویدی نے پونچھ سے واپسی پر نگروٹہ میںفوجی ہیڈکوارٹر میں فوج اور پولیس افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت بھی کی۔
جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آر آر سوین، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، لا اینڈ آرڈر، وجے کمار اور جموں زون کے اے ڈی جی پی آنند جین نے میٹنگ میں شرکت کی۔انہیں زمین پر کمانڈروں کی طرف سے آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ فوجی سربراہ نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام رینک کی تعریف کی اور انہیں تمام موجودہ اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ثابت قدم رہنے کی تلقین کی،” ۔قبل ازیں حکام نے بتایا کہ آرمی چیف نے آگے کے علاقوں کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پونچھ پہنچنے پر فیلڈ کمانڈروں کی میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 93 انفنٹری بریگیڈ کے کچھ سابق فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور پونچھ میں ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنرل دویدی کا استقبال ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، راجوری پونچھ رینج، تیجندر سنگھ، ضلع مجسٹریٹ یاسین ایم چودھری اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ یوگل منہاس نے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل دویدی کا دورہ خطے میں سیکورٹی اور ترقی کو بہتر بنانے کے لیے فوجی اور سول فورسز کے درمیان مضبوط تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔