سرینگر// فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل بپن راوت نے جمعرات کو وادی کشمیر کا دورہ کرکے سیکورٹی عہدیداروں سے وادی اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ جمعرات کی صبح یہاں بادامی باغ علاقہ میں واقع فوجی چھاونی میں پہنچے جہاں انہوں نے کشمیر اور ایل او سی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے بتایا ’فوجی چھاونی پہنچنے کے فوراً بعد جنرل بپن راوت کو وادی اور ایل او سی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی‘۔ ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ کو ایل او سی پر پاکستان زیر انتظام کشمیر سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی سربراہ کو پاکستانی فوجیوں کی طرف سے ایل او سی پر حالیہ ایام میں کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی بھی جانکاری دی گئی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنرل بپن راوت کو حزب المجاہدین کمانڈر سبزار احمد بٹ کے سمیت دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز نے وادی میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انسداد ملی ٹنسی کی متعدد کاروائیاں کامیابی کے ساتھ انجام دیں۔