سرینگر// فوجی سربراہ جنرل بیپن راوت نے حساس جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کا جائزہ لیا،جس کے دوران مقامی فوجی کمانڈروں نے انہیں تازہ ترین صورتحال کی مکمل جانکاری فرہم کی۔جنرل بپن راوت منگل کے دو روزہ دورے پر پہنچے تھے،جس کے دوران انہوں نے جنوبی کشمیر کا دورہ کیا،جہاں پر انہوں نے جنگجو مخالف کاروائیوں کا جائزہ لیا۔دفاعی ذرائع کے مطابق’’ اپنا دورہ جاری رکھتے ہوئے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے میدانی علاقوں میں تازہ ترین صورتحال اور جنگجو مخالف آپریشنوں کا جائزہ لیا‘‘۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ کو بادامی باغ میں چنار کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ائے کے بھٹ نے مجموعی صورتحال اور جامع آپریشن،انتظامی اور لاجسٹک جانکاری فرہم کی‘‘۔ اس دوران راوت نے جنوبی کشمیر کے فوجی یونیٹوں کا بھی دورہ کیا،جہاں مقامی کمانڈروں نے انہیں وادی میں قیام امن اور نگرانی کیلئے موجودہ صورتحال اور دیگر سلامتی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل سے متعلق کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فوجی اہلکاروں سے بات چیت کے دوران فوجی سربراہ نے انکی کارکردگی کی سراہنا کی،جبکہ انہیں مزید چیلنجوں کیلئے تیار رہنے کی تاکید کی۔