فوجی سربراہ ازبکستان کے 4 روزہ دورے پر

یواین آئی

نئی دہلی//آرمی چیف جنرل منوج پانڈے پیر کو ازبکستان کے چار روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنرل پانڈے کا 15 سے 18 اپریل تک چار روزہ دورہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔جنرل پانڈے ازبکستان کی اعلیٰ دفاعی قیادت سے ملاقات کریں گے جن میں ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بخودیر قربانوف، مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل خلم خمیدوف شکرت گیریتجانووچ اور فضائی دفاع اور فضائی دفاعی افواج کے سربراہ میجر جنرل برخانوف احمد جمالووچ شامل ہوں گے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر بات ہوگی۔آرمی چیف 16 اپریل کو یادگار پر پھول چڑھا کر ہندوستان کے دوسرے وزیر اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد وہ دوسری عالمی جنگ میں ازبکستان کے تعاون اور قربانیوں کی یاد میں وکٹری پارک کا دورہ کریں گے۔جنرل پانڈے ازبکستان کے شاندار ماضی اور ثقافتی منظرنامے کے بارے میں بصیرت حاصل کرنے کے لیے ترمیذ میوزیم اور سورکھندریہ خطے کی تاریخی یادگاروں کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔