سرینگر//لبریشن فرنٹ (ح)کے چیئرمین جاوید احمد میر نے ہندوپاک فوجی سربراہوں کے بیانات کوایک اچھی پہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات حریت پسند قیادت کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت کو ہٹ دھرمی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کی اصل حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہئے۔میر نے کہا کہ ہند وپاک کے پاس تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے مذاکرات بہترین راستہ ہے۔ ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے جنرل سکریٹری خواجہ فردوس نے آرپار فوجی سربراہوں کے کشمیر سے متعلق خیالات کو زمینی حقائق کے عین مطابق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر سیاسی معاملہ ہے جو ایک سیاسی حل کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان اب خطے کی دو جوہری قوتیں ہیں جس کے تناظر میں تنازعہ کشمیر کے کسی فوجی حل کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔