کنگن/ /گنڈ کنگن میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر ڈالا۔کشمیر عظمیٰ کو پولیس سے معلوم ہوا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات سرفرائو گنڈ کنگن میں قائم فوج کے 24آر آر کیمپ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب کیمپ سے اچانک گولی چلنے کی آواز سنائی دی جس کے ساتھ ہی دیگر فوجی اہلکار اپنے بارکوں سے باہر آگئے اور وہاں پر حولدار راج پال سنگھ ولد روپ سنگھ ساکن کانپور زیر بیلٹ نمبر(15467450. )کو خون میں لت پت پایا ۔ مذکورہ اہلکار کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی تھی ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ سعید عارف بخاری نے بتایا کہ فوجی اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد فوج کے حوالے کردی گئی ۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں سال 2009 سے لیکر اب تک قریب 1100 سیکورٹی فورس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔