کپوارہ//سپر ناگہامہ کرالہ گنڈ میں اسوقت حالات کشیدہ ہوئے جب ہندوارہ بارہمولہ شاہراہ پر روڈ اوپنگ پارٹی پر تعینات فوجی اہلکارو ں نے ایک نامعلوم گا ڑی ڈرائیور کی مارپیٹ کی ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سپر ناگہامہ کرالہ گنڈ چوک میں اتوار کی دوپہر اس وقت ایک نامعلوم ڈرائیور نے اپنی گاڑی سڑک پار کرنے کی کوشش کی جب وہاں سے فوجی کانوائے گزر رہی تھی۔اس دوران فوجی اہلکاروں نے اس کو سڑک کے ایک طرف رکنے کا اشارہ کیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق جو ں ہی فوجی کانوائے چلی گئی ختم تو فوجی اہلکارو ں نے مذکورہ ڈرائیور کی مار پیٹ کی جس کے خلاف کرالہ گنڈ میں دکاندارو ں نے مداخلت کی۔ مقامی لوگو ں کا کہنا ہے فوجی اہلکارو ں نے ایک دکاندار سے بھی زیادتی کی جس کے بعد وہا ں فوری طور دکانیں بند ہوئیں اور فوجی زیادتی کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔لوگو ں نے ہندوارہ بارہ مولہ سڑک پردھرنا دیکر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں مذکورہ شاہراہ پر گاڑیو ں کی آمد و رفت کچھ گھنٹو ں کے لئے متاثر ہوئی ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہندوارہ بارہمولہ شاہراہ پر تعینات فوجی اہلکار کسی بھی گاڑی کو فوجی کانوائے کے دوران سڑک سے نہیں گزر نے دیتے ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ فوجی کانوائے کو گزرنے میں آدھہ گھنٹہ سے زیادہ وقت لگتا ہے اور اگر اس دوران کسی گاڑی میں کوئی مریض بھی ہو تو اسکے لئے بھی یہی قانون نافذ رہتا ہے۔کرالہ گنڈ میں فوجی زیادتی اور لوگو ں کے احتجاجی مظاہرے کے بعد پولیس جائے موقع پر پہنچ گئی اور لوگو ں کو یقین دلایا کہ وہ معاملہ کی چھان بین کریں گے جبکہ فوج نے اس زیادتی کے خلاف مقامی لوگو ں سے معذرت کا اظہار کیا ۔