عظمیٰ نیوزسروس
جموں// مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی و محکمہ خلائی امور ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں کے نواحی علاقے ستواری میں واقع ملٹری ہسپتال کا دورہ کیا اور حالیہ دنوں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد پر زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی عیادت کی۔ ان کے دورے کے دوران زخمی جوانوں کے بلند حوصلے ، جرأت اور وطن سے وابستگی نے سب کو متاثر کیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے کے باوجود بیشتر فوجیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد از جلد دوبارہ محاذ پر جانے کے لیے تیار ہیں۔ ‘ان کا حوصلہ صرف بلند نہیں بلکہ قابلِ تقلید ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ دشمن کا مقابلہ آخری سانس تک کرنے کے لیے تیار ہیں۔ قوم ان سپاہیوں کی مقروض ہے ،۔وزیر کے مطابق یہ جوان شدید زخمی ہونے کے باوجود ایک بار پھر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے تیار ہیں، جس سے ان کے ناقابلِ تسخیر حوصلے کا اندازہ ہوتا ہے ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اسپتال میں تعینات طبی عملے کی بھی دل کھول کر تعریف کی، خاص طور پر بریگیڈیئر ڈاکٹر فیاض احمد کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ ‘جس تیزی اور مہارت سے طبی ٹیم نے کام کیا، اس نے کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ آج وہی جوان دوبارہ محاذ پر جانے کے لیے صحت یاب ہو رہے ہیں۔’ انہوں نے کہا کہ یہ طبی عملہ نہ صرف جسمانی زخموں کا علاج کر رہا ہے بلکہ ان کے حوصلے اور اعتماد کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ وزیر نے تمام زخمیوں کو پھلوں کی ٹوکریاں پیش کیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ڈاکٹر سنگھ نے حکومت کی جانب سے افواج کے ساتھ مکمل وابستگی کو دہرایا اور کہا کہ یہ واقعہ ہمیں اس قربانی کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے یونیفارم پہنے جوان ملک کی حفاظت کے لیے دیتے ہیں۔ان کے مطابق یہ لمحہ میرے لیے نہایت جذباتی اور حوصلہ افزا رہا۔ زخمی ہونے کے بعد بھی ان جوانوں کی واپسی کی بے چینی ایک زندہ قوم کی علامت ہے ۔