یواین آئی
نئی دہلی//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہم وطنوں سے مسلح افواج کے فلیگ ڈے فنڈ میں فراخ دلی سے حصہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدمت گزاراور ریٹائرڈ دونوں فوجیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملک کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سنگھ نے ہفتہ کو اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ دن شہریوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ فوجیوں کی بے مثال ہمت، قربانی اور لگن کو پہچانیں اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے عزم کا اعادہ کریں۔انہوں نے کہا، ’’ہمارے مسلح افواج ایک ناقابل تسخیر حفاظتی ڈھال کے طور پر کام کرتے ہیں، جو ہر صورت حال میں ہمارے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ نہ صرف بیرونی خطرات کے خلاف، بلکہ قدرتی آفات کے دوران بھی۔ ہمارے سپاہیوں کی قربانی اور نظم و ضبط ہر ہندوستانی کے لیے ایک تحریک کا ذریعہ ہے‘‘۔حکومت کی جانب سے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے عزم کو دہراتے ہوئے، وزیر دفاع نے کہا کہ تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنی حصے داری ادا کریں اور اس بات پر زور دیا کہ ان کا تعاون فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی فلاح کے لیے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ سو ہاتھوں سے کمائے اور ہزار ہاتھوں سے عطیہ کرے۔