نئی دہلی/یو این آئی/قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے کشمیر میں سیکورٹی فورسز پر پتھر بازی اور سرکاری تنصیبات پر توڑ پھوڑ کے واقعات کے لئے حریت رہنماؤں کی جانب سے پاکستان سے فنڈزلینے کے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ این آئی اے ترجمان کے مطابق ایجنسی نے حریت رہنماؤں کا وادی میں پرتشدد سرگرمیوں،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اسکولوں میں آگ لگانے اور سیکورٹی فورسز پر پتھر بازی کے لئے حافظ سعید سمیت دیگر پاکستان واقع دہشت گردوں اوران کی ایجنسیوں سے فنڈز لینے کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ یہ تحقیقات حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی، نعیم خان، فاروق احمد ڈار، غازی جاوید بابا اور دیگر رہنماؤں کے خلاف شروع کی گئی ہے۔این آئی اے نے انڈیا ٹوڈے ٹیلی ویڑن چینل کی جانب سے 16 مئی کو دکھائی گئی رپورٹ اور اس چینل کے صحافی اور علیحدگی پسند لیڈروں کی بات چیت کی ریکارڈنگ کا بھی نوٹس لیا ہے۔ چینل نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں حریت رہنماؤں کی اس بات چیت کو سنایا ہے جس میں انہوں نے وادی میں پرتشدد سرگرمیوں اور سیکورٹی فورسز پر پتھر بازی اور اسکولوں میں آگ لگانے کے واقعات کے لئے پاکستان واقع دہشت گردوں سے فنڈز لینے کی بات تسلیم کی ہے۔