ہر ضلع میں 100نشستوں والے سنیما ہال کھولے جائیں گے:لیفٹیننٹ گورنر
بلال فرقانی
سرینگر//جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سرینگر کے شیوپورہ علاقے میں وادی میں تعمیر کئے گئے پہلے ملٹی پلیکس سنیما’ ان آکس‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 برسوں میں جموں و کشمیر میں ایک بڑا سماجی و اقتصادی انقلاب برپا ہے اور یہ لوگوں کی امیدوں، خوابوں، اعتماد اور امنگوں کی نئی صبح کا عکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میںفلم سٹی بنانے کیلئے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔منوج سنہا نے اس موقع پر سنیما کے مالک وجے دھر ’ان آکس‘ گروپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شوپیاں، پلوامہ میں ملٹی پرپز سنیما ہالوں اور سرینگر میںپہلا ملٹی پلیکس سنیما ہال کھلنا تین دہائیوں کے بعد وادی کشمیر میں سنیما کلچر کی بحالی کی علامت ہے۔ان کا کہنا تھا’’ثقافت زندگی کا ایک طریقہ ہے اور سنیما خیالات اور نظریات کے اشتراک کا طاقتور ذریعہ ہونے کی وجہ سے معاشرتی اقدار اور تبدیلی کی عکاسی ہوتی ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سنیما لوگوں کو متحدکرتا ہے اورتفریح کے علاوہ یہ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعاقب کے لیے امیدیں، اور ترغیب دیتا ہے۔منوج سنہا نے مزید کہا’’پلوامہ اور شوپیاں میں دو کثیر المقاصد سنیما ہالوں کے افتتاح کے بعد، حکومت جموں و کشمیر تمام اضلاع میں کثیر المقاصد سنیما ہال تعمیر کر رہی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ایک بہتر معاشرہ دیکھنے، دوسری ثقافتوں کے بارے میں جاننے، ایک دوسرے پر منحصر دنیا کا حصہ بننے کی شدید خواہش ہے اوریہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں مواقع اور مدد فراہم کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ نئے سنیما ہال اور جاری فلم کی شوٹنگ جموں کشمیر اور ہندوستانی فلم انڈسٹری کے درمیان خوبصورت بندھن کی تجدید کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نئی فلم پالیسی کو خصوصی دفعات اور ترغیبات کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو فلم کو بطور کیریئر لینے کی ترغیب دی جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا’’ ہم مختلف متعلقین کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور فلم سٹی تیار کرنے کے لیے زمین کی نشاندہی کر چکے ہیں اور یہ سہولت جلد ہی جموں کشمیرمیں شروع ہو جائے گی‘‘۔ سنہا نے کہا کہ سال 1965 میں شمی کپور کی فلم ’جانور‘ کو براڈ وے سنیما میں دکھایا گیا تھا۔انہوں نے کہا ’کپور خاندان کو کشمیر کے ساتھ اس قدر محبت تھی کہ شمی کپور نے اپنے اہلخانہ سے آخری رسومات سری نگر کے جھیل ڈل میں انجام دینے کی وصیت کی تھی‘۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ گذشتہ تیس برسوں کے دوران تفریحی سامان سے محروم رہے۔منوج سنہا نے کہا کہ سری نگر ایک زمانے میں تفریح کا مرکز مانا جاتا تھا جب یہاں پلیڈم، ریگل، شیراز، نیلم، خیام، براڈ وے، ناز اور فردوس جیسے آٹھ سنیما گھر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر اس زمانے کو واپس لانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں سنیما گھروں کا دوبارہ کھل جانا جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر کا عکاس ہے۔موصوف ایل جی نے کہاکہ پانچ اگست2019 ایک تاریخی دن تھا جب ملک کے پارلیمنٹ نے ایک بہت بڑا فیصلہ لیا۔ انہوں نے کہا’’اگست 2019 کے بعد، جموں و کشمیر میں ایک نیا سماجی نظام قائم ہوا ہے جو جامع ترقی، سماجی ہم آہنگی اور بغیر کسی امتیاز کے تمام شہریوں کے لیے وسائل تک مساوی رسائی کو فروغ دیتا ہے ‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور خود اعتماد ہے۔اس موقعہ پر سابق ممبر پارلیمنٹ سبھاش چندرا، نے جموں و کشمیر حکومت اور نئے افتتاح شدہ ملٹی پلیکس سے وابستہ سبھی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کشمیر میں سنیما ہالوں کے افتتاح کے ذریعے تبدیلی کے لیے جموں کشمیرانتظامیہ کی بھی ستائش کی، جس میں فلم سازی کی ایک عظیم وراثت ہے اور فلم سے محبت کرنے والی بڑی آبادی ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر انکس لیجر لمیٹیڈ سدھارتھ جین، ، نے کہا، ’’کشمیر میں سنیما کا افتتاح ہمارے سفر میں ایک غیر معمولی سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینما گھر، ایک صدی سے زائد عرصے سے، ہمارے ثقافتی تانے بانے کا حصہ رہے ہیں، اور ملک بھر کے فلمی شائقین کے لیے ایک بہت بڑی جذباتی اہمیت رکھتے ہیں۔‘‘ ملٹی پلیکس پراپرٹی کے مالک، وجے دھر نے کہا’’ہم اتنے سالوں سے کشمیر کے سنیما شائقین کے لیے اپنے سنیما کے دروازے کھولنے کے لیے اس لمحے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا کہ یہ سنیما کشمیر میں تفریح کے متلاشیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیمیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ہم سنیما کی تفریح کو اس کی بہترین شکل میں ناظرین کے لیے پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم منوج سنہا جی کی مضبوط اور قابل قیادت کے بے حد مشکور ہیں، جن کی بروقت رہنمائی اس سنیما کے افتتاح کے عمل میں ہماری سب سے بڑی طاقت رہی ہے۔
سنیما
ملٹی پلیکس کو مشترکہ طور پر ہندوستان کی معروف ملٹی پلیکس زنجیرانکس لیجر لمیٹیڈ اور جموں و کشمیر کا ایک ممتاز خاندان دھر فیملی کے ذریعے چلایا جائے گا۔ کشمیر میں اب تک کا پہلا ملٹی پلیکس ہونے کے ناطے، 3 اسکرینوں کا سینما علاقے میں عصری دیوہیکل اسکرین فلم دیکھنے کے تجربے کو واپس لانے کے لیے تیار ہے۔ 524 نشستوں کے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ، ملٹی پلیکس میں سنیما کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ملٹی پلیکس مقامی ڈیزائن اور جدید ملٹی پلیکس ماحول کا بہترین امتزاج پیش کرے گا۔ جہاں ختم بندھ اور پیپرماشی کے مقامی فن کو پورے ملٹی پلیکس میں دیکھا جا سکتا ہے، وہیں نئے مقرر کردہ آڈیٹوریم اور فوڈ کاونٹرز ایک جدید احساس پیش کریں گے۔ آرام اور کمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ایک بڑے فوڈ کورٹ اور دیگر تفریحی سہولیات جیسے گیمنگ زونز اور مقامی میلوں کی مناسبت سے کنبوں اور بچوں کے لیے ایک اضافی کشش کے طور پر پیش کرے گی۔ اس ملٹی پلیکس میں فلم دیکھنے کا تجربہ ملک بھر میں کسی بھی دوسرے انکسملٹی پلیکس کے مساوی ہوگا، جس میں جدید سنیما ٹیکنالوجی، سوچ سمجھ کر تیار کی گئی آرام دہ سہولیات اور ایک وسیع فوڈ و مشروبات مینو موجود ہے۔ مال میں ایک پلے زون بھی ہوگا جو بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کے شوق کوبھی پورا کرے گا، اس کے علاوہ کشمیری کھانوں کو فروغ دینے کے لیے ایک وقف فوڈ کورٹ بھی ہوگا۔