سرینگر//کشمیر کا احاطہ کرنے والی فیچر فلم ’’سرگوشیاں‘‘ کا آج ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) میں پریمئر کیا گیا ۔اس فلم کی پوری عکس بندی کشمیر میں ہی کی گئی ہے ۔ممبر پارلیمنٹ و صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،وزیر تعلیم سید الطاف بخاری ،وزیر مملکت برائے صحت و سماجی بہبود آسیہ نقاش ،چیئرمین جے کے بنک و ایڈیٹر ان چیف گریٹر کشمیر فیاض احمد کلو کے علاوہ بنک کی اعلیٰ انتطامیہ اس موقعے پر موجود تھے ۔یہ اپنی نوعیت کی پہلی بالی ووڈ فلم ہے جس کا پریمئر کشمیر میں دکھایا گیا ۔اس موقعے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے مختصر خطاب میں مذکورہ فلم میں کشمیر کی ثقافت و تہذیب کی عکاسی کرنے پر فلم سازوں کو مبارک باد پیش کی ۔انہوں نے فلم پروڈسر اور جے کے بنک کی اس طرح کی فلم بنانے پرخراج تحسین پیش کیا ۔تقریب میں جے کے بنک کی اس فلم میں شرکت پر بات کرتے ہوئے چیئرمین جے کے بنک پرویز احمد نے کہاکہ ’’بنک اس فلم ’’سرگوشیاں‘‘کے ساتھ ایک کارپوریٹ سماجی ذمہ دار ہونے کی حیثیت سے شریک ہوا۔ انہوں نے کہاکہ جب فلمساز عمران خان نے ان کے ساتھ ملاقات کی اور کشمیریت و یہاں کی ثقافت پر تبادلہ خیال کیا تو اس وقت بنک برانڈ کی تشہیر و پروموشن کیلئے اس فلم میں شرکت کو ایک موقعہ تسور کیا گیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم ملک میں کشمیر سے متعلق منفی تصویر کو تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔واضح رہے کہ کشمیر اور بالی ووڈ کا رشتہ دہائیوں سے رہا ہے اور 60کی دہائیوں میں شمی کپور نے اس رشتے کو مزید مضبوط کیا تھا تاہم 90کے بعد دو دہائیوں تک نامساعد حالات کے باعث یہاں فلمیں بننا بند ہوگئیں تاہم سخت مشکلات کے باوجود ابھی تک25فلمیں کشمیر میں بنائی گئیں جن میں مشن کشمیر،حیدر ،محبتیں،ہائے وے،جب تک ہے جاں،اور بجرنگی بھائی جان قابل ذکر ہیں ۔جے کے ٹورازم دیپارٹممنٹ نے پریمئر میں شرکت کرنے والی شخصیات کے اعزاز میں رائل سپرنگ گالف کلب میں عشائیہ کا انتظام کیا ۔