یو این آئی
لندن //برطانیہ میں فلسطین کے حق میں مظاہرے پر ایئربیس سے چار افراد گرفتار کرلیے گئے۔برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے انگلینڈ میں ایک ایئربیس پر گزشتہ ہفتے ہونے والے فلسطین کے حق میں مظاہرے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ایک 29 سالہ خاتون اور 36 اور 24 سال کی عمر کے دو مردوں کو دہشت گردی کے عمل کی منصوبہ بندی، تیاری یا اکسانے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ایک 41 سالہ خاتون کو مجرم کی مدد کرنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 20 جون کو ’ فلسطین ایکشن گروپ’ کے دو کارکنان وسطی انگلینڈ کے آکسفورڈشائر میں واقع ایئربیس میں داخل ہوئے اور ایندھن بھرنے اور سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے دو طیاروں پر سرخ رنگ چھڑک دیا تھا، اور انہیں کھرپیوں سے مزید نقصان پہنچایا، وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس عمل کو شرمناک قرار دیا تھا۔اس واقعے کے چند دن بعد، وزیر داخلہ یوویٹ کوپر نے ’ فلسطین ایکشن ’ پر پابندی لگانے کے لیے انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال کا منصوبہ پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس گروپ کی سرگرمیاں مزید جارحانہ ہو گئی ہیں اور اس کی وجہ سے لاکھوں پاؤنڈز کا نقصان ہو چکا ہے۔گرفتاریوں کے جواب میں اس گروپ نے حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ فلسطین میں اسرائیل کی نسل کشی کے دوران اسلحے کی ترسیل کو روکنے کیلئے کیے جانیو الے پرامن مظاہروں کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ’ فلسطین ایکشن ’ نے غزہ میں جاری تنازعے کے آغاز سے ہی برطانیہ میں اسرائیلی دفاعی کمپنی ایلبٹ سسٹمز اور دیگر اسرائیل سے منسلک برطانوی کمپنیوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔