یو این آئی
نئی دہلی//کل ملک کی راجدھانی دہلی میں غزہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کے لیے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق مظاہرے میں شریک افراد نے غزہ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ غزہ پر اسرائیلی فوجی یا سیاسی کنٹرول قائم کرنے کی کوئی بھی کوشش محصور علاقے میں جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دے گی۔ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں عام شہریوں، طلباء، سماجی ، مذہبی، سیاسی رہنماؤں اور معروف سول سوسائٹی کے کارکنوں سمیت دہلی و اطراف کی ریاستوں سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ اس احتجاج میں مختلف مذاہب، طبقات ، سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں سے وابستہ افراد کی بڑے پیمانے پر شرکت نے دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی صرف مسلم سماج تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ بھارت میں امن اور انصاف سے محبت کرنے والے تمام لوگ فلسطین کے سا تھ کھڑے ہیں اور کھل کر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر مقررین نے اسرائیل کے وحشیانہ رویے کی شدید مذمت کی اورفلسطینیوں کے خلاف اس کے جارحانہ اقدامات کو نسل کشی قرار دیا۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک تقریبا ایک لاکھ فلسطینی ، جن میں خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں، اسرائیل کی جانب سے گھروں، اسپتالوں ، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں کو منصوبہ بند طریقے سے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے غزہ میں بھوک کی بڑھتی ہوئی صورت حال اور صحت و صفائی کے تمام وسائل کے تقریبا مکمل طور پر تباہ ہونے کی رپورٹوں کو بھی اجاگر کیا ۔