سرینگر//اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ گذشتہ شب سے جنگ بندی کا اعلان کیا۔اسرائیل نے جنگ بندی کا اعلان فلسطینی علاقوں پر11روز سے جاری خونین حملوں کے بعد کیا۔
عالمی برادری اور مسلم ممالک لگاتار کئی دن سے جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کی سلامتی کابینہ نے متفقہ طور پر غزہ میں جنگ بندی کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیل کے اعلان جنگ بندی کے فوراً بعد حماس کے سینئر عہدیدار خلیل الحیہ حامیوں کے ساتھ جشن میں شامل ہوئے اور اسے تحریک کی ’فتح‘ قرار دیا۔
انہوں نے معاہدے کی شرائط ظاہر نہیں کیں اور دعویٰ کیا کہ اسرائیل حماس کا فوجی انفرااسٹرکچر تباہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد غزہ شہر میں خوشی اور سیٹیوں کی آوازیں بلند ہوئیں۔غزہ کی پٹی کے رہائشی 11 دن تک جاری رہنے والے جنگ روکنے کے اعلان پر سڑکوں پر نکل آئے۔