یو این آئی
ایمسٹرڈم// نیدرلینڈز کے عوام کی جانب سے اسرائیلی بربریت کے خلاف اور غزہ کے جاں بحق بچوں کی یاد میں ہزاروں جوتے رکھ کر منفرد احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر المیرے کے ٹاؤن اسکوائر میں غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اور غزہ کے بچوں کے حق میں عوام نے بچوں کے ہزاروں جوتے سڑک پر رکھ کر منفرد احتجاج ریکارڈ کرایا۔غزہ کے بچوں کے حق میں نیدرلینڈز میں گزشتہ سال بھی لوگوں نے اس طرح کے مظاہرے کیے تھے اور ایسے ہی ایک مظاہرے میں مقامی تنظیم نے ڈچ شہر روٹرڈیم کے مرکزی چوک پر بچوں کے 8 ہزار جوتے رکھ کر عالمی بے حسی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی تھی۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 50 ہزار بچے ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں اور ایک لاکھ سے زائد لوگ زخمی ہیں جب کہ غزہ کے عوام اس وقت غذائی قلت کا بھی شکار ہیں۔