مالیاتی شمولیت کو حقیقت میں تبدیل کرنا ضروری:چیف سیکرٹری
سرینگر// چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے جموں و کشمیر میں مالی شمولیت کے اقدامات اوراستفادہ کنندگان پر مبنی سکیموں کی صورتحال کا جائزہ لیا جو جموںوکشمیر میں عملائی جارہی ہیں ۔چیف سیکریٹری نے ایک میٹنگ میں تمام مالیاتی شمولیت کی سکیموں کی مکمل عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کئی فلاحی سکیموں میںاندراج کی کم شرح پر تشویش کا اظہار اور متعلقہ محکموں کو مشن موڈ میں کوریج بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی اہل شہری محروم نہ رہے۔اتل ڈلو نے اِس بات پر زور دیا کہ فوائد کی فوری اوربغیر کسی رُکاوٹ کی فراہمی حکومتی پروگراموں میں عوام کا اعتماد بڑھانے کی کلید ہے ۔ انہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام اہل اَفراد تک بروقت سکیموں کے فوائد پہنچائے جائیں تاکہ مزید شہری اِن سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے آگے آئیں۔انہوں نے اموات کی طبی تصدیق (ایم سی سی ڈِی) نظام کو رجسٹرار آف برتھ اینڈ ڈیتھ ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اِس انضمام سے اِنشورنس کلیمز اور پنشن کی ادائیگی جیسے فوائد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی اور خدمات میں تاخیر بھی کم ہوگی۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ جاری عوامی رسائی مہم کو تیز کریں اور ہر گھر تک دستیاب سکیموں کے بارے میں درست معلومات پہنچائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شہریوں میں بیداری پیدا کرنا مالیاتی شمولیت کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے نہایت ضروری ہے۔میٹنگ میں مختلف مالی و سماجی شمولیت کی سکیموں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جن میں پردھان منتری جن دھن یوجنا (پی ایم جے ڈِی وائی)، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا (پی ایم ایس بی وائی)، پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا (پی ایم جے جے بی وائی) اور اَٹل پنشن یوجنا (اے پی وائی) شامل ہیں جنہوں نے خطے کے عوام کو مالی تحفظ اور بااِختیار بنانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ سنتوش دی ویدیا نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ پردھان منتری جن دھن یوجنا مالی شمولیت کی بنیاد ہے۔ جموں و کشمیر میں اس کی عمل آوری سے متعلق بتایا گیا کہ ضلع کٹھوعہ نے 2024-25 ء کے نئے کھاتوں کے ہدف کا 92.74 فیصد حاصل کیا ۔ اِس کے بعد بانڈی پورہ نے 71.08فیصد ہے۔خطے میں مجموعی طور پر 31؍ مارچ 2025 ء تک 21.45 لاکھ اکائونٹس کھولے گئے ہیں جو 2024-25ء کے سالانہ ہدف کا 46.75 فیصد ہے۔