عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز سری نگر کے تاریخی شہر خاص میں واقع بادام واری میں بادام بلوم فیسٹول۔ 2025 کا اِفتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اِس موقعہ پر کہا، ’’جب بادام کے پھول پوری آب و تاب کے ساتھ کھلتے ہیں اور ان کی خوشبو ہر گوشے میں پھیلتی ہے جوکشمیر میں بہار کی آمد کی علامت ہے۔ یہ فیسٹول نہ صرف فطرت کی خوبصورتی کا جشن ہے بلکہ سیاحت کو فروغ دینے اور ہمارے ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرنے کی ایک کوشش بھی ہے۔‘‘یہ تقریب محکمہ سیاحت نے محکمہ فلوری کلچر کے اِشتراک سے منعقد کی جس میں اعلیٰ حکام، فن کاروں اور بڑی تعداد میں طلباء و سیاحوں نے شرکت کی۔فیسٹول کی سب سے بڑی کشش ایک شاندار ثقافتی اور موسیقی کا پروگرام تھا جس میں معروف کشمیری فن کاروں نے دِلفریب پرفارمنس پیش کیں۔ اُن کی موسیقی اور نغموں نے سامعین کو مسحور و محظوظ کیا اور تقریب کی رونق میں اِضافہ کیا۔اِس کے علاوہ فیسٹول میں روایتی لوک رقص، دستکاری کی نمائشیں اور کشمیری ہنر و ثقافت کے سٹال بھی شامل تھے جنہوں نے سیاحوںکو وادی کی بھرپور ثقافتی ورثے کا ذائقہ فراہم کیا۔اِس موقعہ پر وزیربرائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، ڈائریکٹر فلوری کلچر، ڈائریکٹر ٹوراِزم اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔