عظمیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج// وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو مہاکمبھ میں موسمیاتی تبدیلی پر کانفرنس کا افتتاح کیا۔ فطرت کے ساتھ انسانیت کے گہرے رشتے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بقا تمام جانداروں کی فلاح و بہبود سے منسلک ہے۔انہوں نے مزید کہا’’اگر وہ ترقی کرتے ہیں تو ہم ترقی کرتے ہیں، اگر وہ خطرے میں ہیں، تو ہمارا وجود بھی خطرے میں ہے‘‘۔فوری کارروائی پر زور دیتے ہوئے یوگی نے کہا’’ہمیں کسی تباہی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اب ایک سرسبز زمین کیلئے کام کرنا چاہئے۔ یہ بھی کمبھ کا پیغام ہے۔انہوں نے ماحولیاتی شعور کومربوط کرنے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ انسانی تہذیب کے تحفظ کیلئے فطرت اور جنگلی حیات کا تحفظ ضروری ہے۔تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے دہلی میں حالیہ سانحہ پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مخصوص پارکنگ ایریاز کا استعمال کریں، چاہے تھوڑا آگے چلیں، تاکہ ہموار نقل و حرکت اور بہتر تجربہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔یوگی نے کہا کہ 13 جنوری سے 16فروری کے درمیان ریکارڈ 52کروڑ عقیدت مندوں نے گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم میں ڈبکی لگائی۔انہوں نے کہا’’یہاں نہانے والا ہر عقیدت مند روحانی توانائی کا تجربہ کرتا ہے ، جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شرکت کی ترغیب ملتی ہے اور اس تقریب کو بے مثال کامیابی کی طرف لے جاتا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک پر پابندی لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ، پچھلے آٹھ برسوں میں اتر پردیش میں 210کروڑ پودے لگائے گئے ہیں۔