فضول خرچی اور ہماری غفلت! غورطلب

مولانا حافظ پیر شبیر احمد
دورِ جدید میں ہم جہاں سیا سی اور معاشرتی مسائل سے دوچار ہے، وہیں معاشی مسائل نے بھی ہمیں توڑ کر رکھ دیا ہے ۔ چاہے غریب ہو یا مالدار ہر شخص اس سلسلہ میں پریشان ہی نظر آتا ہے، قدم قد م پر ہمیں مسائل کا سامنا ہے اور اب صاف یہ محسوس ہوتا ہے کہ اگر ہم نے اس سلسلہ میں بروقت فکر نہ کی توآگے چل کر یہ مسائل نعوذ باللہ اور بھی بڑھ جائینگے اور شدید پریشانی کا باعث بنیں گے ۔ اگر معاشی مسائل پر نظر ڈالیں تواس پریشانی کی بنیادی وجہ فضول خرچی کا بڑھتا ہوا رجحان اور قناعت پسندی کا فقدان نظرآتا ہے۔ ہمارے اندر فضول خرچی کی ایسی عادت پڑگئی ہے کہ ہم نے اس سلسلہ میں احکام ِ خداوندی کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے اور بناکچھ سوچے سمجھے پیسا خرچ کردیتے ہیں ہم ایک طرف مہنگائی کا رونا تو روتے ہیں مگردوسری طرف ہوٹلوں‘تفریح گاہوں اور خریداری کے مراکزکو دیکھا جائے تو ایسا لگتا ہے جیسے لوگوں کا سیلاب امڈآیا ہوں اور ہمارے پاس پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ قرآن ِ کریم میں جہاں اللہ تبارک وتعالیٰ نے کنجوسی سے منع کیا ہے ،وہیں کفایت شعاری پر بھی زور دیا ہے۔ اور فضول خرچی کی نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ سخت تنبیہ کی گئی ہے اور ایسا کرنے والوں کو شیطان کے بھائی کہا گیا ہے ۔پیارے آقاجنابِ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تو وضو اور غسل میںبھی پانی کے ضرورت سے زیادہ استعمال کو بھی منع فرمایا ہے چہ جائے کہ بے مقصدپیسے خرچ کیئے جائیںاوریہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ معاشرے میںصرف وہی شخص خوشحال زندگی گزارسکتا ہے جسے کمانے کے ساتھ ساتھ خرچ کرنے کا طریقہ بھی آتا ہوکیونکہ کمانا تو سب کو آتا ہے لیکن خرچ میں اعتدال سے کام لینا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔اسلام نے ہر حال میں قناعت ،میانہ روی اور سادگی کا درس دیا ہے اس حوالہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا جو اسوئہ حسنہ ہمارے سامنے ہے وہ یہ ہے کہ رسول ِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانے پینے،اٹھنے بیٹھنے اور لباس کسی چیز میں کو ئی تکلف نہ تھا کھانے میں جو سامنے آتا وہ تناول فرماتے اورپہننے کو جو سادہ لباس مل جاتا زیب تن فرماتے چٹائی پر فرشِ زمیں پر جہاں جگہ مل جاتی تشریف فرماتے۔ لہٰذا ہمیں ضروریات اور خواہشات میں فرق کرنے کی ضرورت ہے جس دن ہمیں ضروریات اور خواہشات میں فرق پتا چل جائے گا ان شاء اللہ اس دن سے ہم ایک اچھی خوب صورت اور پر سکون زندگی کفایت شعار ی کے ساتھ گزارسکیں گے اللہ پاک ہم سب کو فضول خرچی سے بچائے اور قناعت پسند بنائے ۔ آمین