حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے فضل آباد میں شہریوں کی جانب سے رابطہ سڑک کی خستہ حالی کو لے کر احتجاج کیا گیا ۔شہریوں نے سڑک کے تعمیراتی کام مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر دو روز کے اندر اندر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کر کے اُسے مکمل نہ کیا گیا تو وہ زبردست احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل آئیں گئے۔اس موقع پر موجود زمورد حسین مرزا نامی ایک شہری نے کہا ڈاریاں تا مرزا موڑ تک تیس لاکھ روپئے کا ٹینڈر حال ہی میں منظور کر کے اس سڑک کی تعمیرات کا کام شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ اس دوران ایکس ای این متعلقہ محکمہ نے ان کو یقین دلایا تھا کہ اس رقم میں سڑک کی تعمیرات کا مکمل کام کیا جائے گا اور سڑک پر تارکول بچھائی جائے گی لیکن اب یہ کام درمیان میں ہی ادھورا چھوڑا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز تک وہ لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ اس سڑک کی مرمتی کروائی جا ئے اور آخرکار کام شروع ہوا تھا جتنا کام ٹھیکدار نے کیا ہے وہ تسلی بخش ہے لیکن درمیان میں اب کام بند کر کے یہ کہا جا رہا ہے کہ ان کے پاس رقومات ختم ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا سڑک کے جتنے حصے پر تارکول نہیں بچھائی گئی ہے اس پہ اس قدر کھڈے ہیں کہ راہگیروں کا یہاں سے گزر نا مشکل ہو گیا ہے جبکہ یہاں سے اسکولی طلبہ، خواتین اور معمر افراد کا گزر ہوتا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ایک حادثہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان جان بحق ہو گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سڑکی مکمل تعمیرات کے اقدام کئے جائیں ورنہ مجبوراً انہیں بڑے پیمانے پرا حتجاج کیلئے سڑک پر اترنا پڑے گا۔