سرینگر //سرینگر سے جموں جانے والی ائر انڈیا کی ایک پرواز ٹیکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث سنیچر کو واپس سرینگر لینڈ کر گئی۔اس طیارے میں نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ اور دیوندر رانا کے علاوہ دیگر 180مسافر سرینگر سے جموں جا رہے تھے ۔عمر عبداللہ کو راجوری پونچھ کے ایک ہفتہ کے دورے پر جانا تھا جہاں سنیچر کو اُن کی آمد کے سلسلے میں سرنکوٹ میں پارٹی کی طرف سے ایک تقریب کا اہتمام رکھا گیا تھا ۔ سرینگر ائر پورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ یہ پرواز سرینگر سے جموں کیلئے روانہ ہوئی تھی لیکن اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی طیارہ کو فضا میں کوئی ٹیکنیکی خرابی پیدا ہو گئی جس کے سبب جہاز کا پائلٹ اُسے واپس سرینگر ہوائی اڈے پر پہنچانے کیلئے مجبور ہو گیا ۔ایس ایس پی ائرپورٹ منطور احمد دلال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام مسافر صحیح سلامت سرینگر واپس لوٹ آئے۔اس دوران عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میںکہاہے کہ آج میرے لئے سفر کرنے کا دن اچھا نہیں رہا کیونکہ ائر انڈیا کی جس پرواز سے میں سفر کر رہا تھا اُس کو واپس سرینگر آنا پڑا ۔ انہوں نے لکھا کہ وہ آئندہ کبھی بھی ائیر انڈیا کی پرواز سے سفر نہیں کریں گے ،کیونکہ اُن کی پروازوں میں ٹکنیکی خرابیوں کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ائر انڈیا کا یہ طیارہ 28سال پُرانا ہے۔