یو این آئی
غزہ//غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 3 صحافیوں سمیت 23 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے المواسی میں فلسطینیوں کے خمیوں پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینی ہلاک ہوئے ۔زیتون کے علاقے میں ایک اور فضائی حملے ایک گھر میں موجود 3 فلسطینی ہلاک ہو گئے ۔ادھراسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے فوج کو غزہ میں آپریشن کے دوران دو یرغمالیوں کی لاشیں مل گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے بیان میں بتایا کہ میاں بیوی جوڈی ہگائی اور گاڈ ہگائی کی لاشیں برآمد کر لیں جنہیں حماس نے یرغمال بنایا تھا۔، اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ غزہ کی پٹی میں خان یونس کے علاقے میں خصوصی آپریشن کے دوران یرغمالیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔اسرائیل کا ماننا ہے کہ غزہ میں 56 یرغمالی اب بھی حماس کے پاس ہیں جن میں سے نصف سے بھی کم کے زندہ ہونے کا امکان ہے ۔یاد رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنی فوجی مہم 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد شروع کی تھی، حملے میں حماس نے 1,200 اسرائیلی شہریوں کو ہلاک جبکہ 251 کو یرغمال بنا لیا تھا۔غزہ میں ہیلتھ حکام کے مطابق اسرائیل نے جنگ کے دوران اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینیوں کوہلاک کیا ہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے مئی میں کہا تھا کہ غزہ میں جنگ کسی صورت نہیں رکے گی چاہے یرغمالیوں کی رہائی کا کوئی معاہدہ طے پا بھی جائے ۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فوجی کارروائی کو مزید تیز کرے گا، غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرے گا اور وہاں کے زیادہ تر لوگوں کو ایک بار پھر بے دخل کردے گا۔