عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //انڈیا گیٹ پر دہلی کی زہریلی ہوا کے خلاف مظاہروں کے بعد، مظاہرین نے مرچ کے اسپرے سے پولیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس سے پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ تین یا چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق مظاہرین حال ہی میں مارے گئے نکسلوادی کمانڈر ماڈوی ہڈما کے پوسٹر لے کر پہنچے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور 20افراد کو گرفتار کیا گیا ۔مظاہرین انڈیا گیٹ کے قریب دہلی کی زہریلی ہوا کے خلاف جمع ہوئے تھے، جو انتہائی ناقص اے کیو آئی کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے مظاہرین سے علاقہ خالی کرنے کو کہا۔ عدالت کے مطابق دہلی میں احتجاج کے لیے جنتر منتر نامزد جگہ ہے، انڈیا گیٹ نہیں۔پولیس نے بتایا کہ دہلی پولیس نے اس معاملے میں سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس بات کی بھی تحقیقات جاری ہے کہ ہڈما کے پوسٹر احتجاجی مقام پر کیسے پہنچے اور کون لایا۔دہلی پولیس کے مطابق مظاہرین سی ہیکساگون انڈیا گیٹ علاقے میں داخل ہوئے اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی کوشش کی۔ یہ احتجاج آلودگی کی وجہ سے بتایا گیا تھا، لیکن مظاہرین نے مقتول نکسلی کمانڈر مانڈوی ہڈما کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مظاہرین کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جگہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ جنتر منتر احتجاج کے لیے نامزد مقام ہے۔حکام نے مظاہرین کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ ایمبولینس اور طبی عملہ پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں ہنگامی رسائی کی ضرورت ہے، لیکن وہ مشتعل ہو گئے۔ صورتحال مزید بڑھنے کے خوف سے پولیس نے گروپ کو پیچھے ہٹنے کو کہا۔ اس کے بجائے، وہ رکاوٹیں عبور کر سڑک پر احتجاج کے لیے بیٹھ گئے۔ انہیں ہٹانے کی کوشش کے دوران، کچھ مظاہرین نے مبینہ طور پر پولیس افسران پر مرچ کے اسپرے کا استعمال کیا۔ تین سے چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔