جموں//بھارتی فضائیہ کا ایک بغیر پائلٹ جاسوسی طیارہ پر اسرار حالات میںکٹھوعہ ضلع کے ایک جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا،تاہم اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔فضائیہ نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ پولیس اپنی سطح پر چھان بین عمل میں لارہی ہے۔ذرائع کے مطابق کٹھوعہ ضلع کی تحصیل ہیرا نگر کے چھن اروڑیاں علاقے میں فضائیہ کا ایک بغیر پائلٹ چھوٹا طیارہ یعنیUAV علاقے میں پرواز کررہا تھا جس دوران وہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا اور اسی کے نتیجے میں دھماکہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ معمول کی پرواز پر تھا ،طیارہ رات2بجکر30منٹ پر راڈار سے غائب ہوگیا تھا اور اس کا آخری مقام خانپورتھا۔یہ طیارہ بستی سے دور ایک جنگل میں گر کر تباہ ہوا ، تاہم اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔جمعہ علی الصبح پولیس اسٹیشن راجباغ سے وابستہ ایک ٹیم کے ساتھ ساتھ فضائیہ کے اہلکاروں کا ایک دستہ خانپور پہنچا اور آس پاس کے علاقے چھان مارے لیکن انہیں طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جب یہ اہلکار طیارے کی تلاش میں لڈولی نامی گاﺅں میں پہنچے تومقامی لوگوں نے انہیں بتایا کہ انہوں نے دوران شب ایک دھماکے کی آواز سنی۔چنانچہ پولیس اور فضائیہ کی ٹیمیں اسی بستی کے متصل جائے واردات پر پہنچنے میں کامیاب ہوئیں اور طیارے کا ملبہ اپنی تحویل میں لے لیا جس کا ایک حصہ جلا ہوا تھا۔اہلکاروں نے نزدیکی علاقوں میں بھی تلاشی کارروائی عمل میں لائی ،تاہم کوئی مشکوک چیز نظر نہیں آئی۔ بعد میں فضائیہ ، پولیس اور انتظامیہ کے سینئر افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے بھی جائے واردات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔اگر چہ پولیس نے معاملہ درج کیا اور فضائیہ نے اس حادثہ کی محکمہ جاتی انکوائری کا حکم جاری کیا ہے تاہم سر دست حادثہ کی وجوہات کا خلاصہ نہیں ہو سکا ہے ۔