عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہندوستانی فضائیہ کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ جمعہ کو مغربی بنگال کے باغ ڈوگرا میں گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ جانکاری گذشتہ روز فضائیہ کے افسران نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این 32 طیارے کے عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو جائے وقوعہ سے برآمد کیا جا رہا ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ سات مارچ کو ہی ہندوستانی فضائیہ کا جیگوار جنگی طیارہ بھی ہریانہ کے پنچکولہ میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ یہ حادثہ مورنی پہاڑی علاقے کے بالد والا گاں کے قریب پیش آیا۔ طیارے گرنے سے آس پاس کے گاں کے علاقوں میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی۔ لیکن پائلٹ کی سمجھداری کے باعث طیارہ آبادی والے علاقے سے دور چلا گیا۔پائلٹ طیارے سے باہر نکلنے اور پیراشوٹ کی مدد سے بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ اس دوران طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور وہ گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فضائیہ کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے۔ جائے حادثہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ہندوستانی فضائیہ نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’ہندوستانی فضائیہ کا جیگوار طیارہ آج امبالا میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران سسٹم میں خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ نے طیارے سے بحفاظت باہر نکلنے سے پہلے زمین پر موجود کسی بستی سے دور لے گئے۔ ہندوستانی فضائیہ نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے‘‘۔