زرعی اختراعات اور ٹیکنالوجی کیلئے 800 کروڑ کا فنڈ بنایا گیا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی حکومت نے پردھان منتری بیمہ یوجنا کے لیے 69,515 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔زرعی شعبے میں اختراعات اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے 800 کروڑ روپے کا فنڈ بنایا گیا ہے۔50 کلوگرام کے ڈی اے پی کھاد کی فی بوری کی قیمت 1350 روپے مقرر کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے کسانوں کی ضرورت کے مطابق پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کل یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں فصل انشورنس اسکیم کے موجودہ ایریا کو بڑھانے اور ڈی اے پی کے تھیلے کی قیمت 1350 روپے مقرر کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میٹنگ کے بعد یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کسانوں کو سستی قیمتوں پر ڈی اے پی پر سبسڈی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے یک وقتی خصوصی پیکیج میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے ۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور رسد میں رکاوٹ کے باوجود کسانوں کو ڈی اے پی کا 50 کلو کی بوری صرف 1350 روپے میں ملے گی ۔ اس کے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ حکومت نے کسانوں کو رعایتی، سستی اور مناسب قیمتوں پر ڈی اے پی کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی کابینہ نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کو 2021-22 سے 2025-26 تک 69,515.71 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ جاری رکھنے کی منظوری دی ہے ۔ اس فیصلے سے ملک بھر کے کسانوں کو 2025-26 تک قدرتی آفات سے فصلوں کے خطرے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔