عظمیٰ نیوز سروس
کولگام//ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر سرتاج احمد شاہ نے کولگام ضلع کے مختلف علاقوں میںزراعت کی موجودہ صورتحال پر کسانوں سے بات چیت کی۔ ڈائریکٹر موصوف نے تانجن نامی گائوں میں اعلیٰ کثافت والے سیب کی نرسری میں کامیابی سے دھان کی کاشت کی ۔ ڈائریکٹر زراعت نے متعلقہ کسان (محمد امین گنائی)سے اس کے تجربات اور کامیاب اختراع کے بارے میں رائے لی۔ڈائریکٹر زراعت نے متعلقہ کسان کی تعریف کی اور فصل کی کاشت کے شعبے میں جدید طریقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے کو مختلف شعبوں میں نقل کیا جائے گا اور نتائج کا سائنسی خطوط پر تجزیہ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر زراعت نے نوجوان تعلیم یافتہ کسانوں پر زور دیا کہ وہ محمد امین جیسے ترقی پسند کسانوں سے تحریک لیں اور زرعی فصلوں کی کاشت کے دوران اختراعی انداز اپنائیں ۔مختلف مقامات پر کاشتکاروں سے بات چیت کے بعد ڈائریکٹر زراعت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ کسانوں کو ان کی مختلف کوششوں کے دوران تمام تکنیکی معاونت کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے فیلڈ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کی کاشتکار برادری کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں اور مختلف زرعی فصلوں کی کٹائی سے پہلے اور بعد کے تمام کاموں کے دوران رہنمائی کریں۔