جموں //زراعت کے شعبے میں فصلوںکا بیمہ کرنے اور مارکٹینگ میں معاونت فراہم کرنے کو کسانوں کا اعتماد بحال کرنے کی کلید قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسانوں کے لئے دو سہولیات عملائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے اس سلسلے میں سی ڈی ایف کے استعمال کی بھی تجویز دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر موزون مارکیٹنگ سہولیات کی وجہ سے پچھلی ایک دہائی کے دوران کسانوں نے زرعی سرگرمیوں میںدلچسپی کھو دی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرعی مصنوعات کو منڈیوں تک بھیجنے میں ٹرانسپورٹ بھی ایک اہم رول ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے جنگلاتی لکڑی کو تجارتی مقصد کے لئے استعمال کرنے کی تجویز دی۔ انار دانہ کا خصوصی طور ذکرکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تجارتی مقصد کے لئے اس کی پیداوار کی جانی چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے روزمرہ کی زندگی میں پھولوں کی مانگ کا تذکرہ کرتے ہوئے پھولبانی محکمہ کو اس سلسلے میں بڑے اقدامات کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ انٹرونشن سکیم کو صرف میوئوں تک محدودنہیں رکھاجانا چاہئے بلکہ اس کو پھولوں کی کاشت تک بھی توسیع دی جانی چاہئے ۔انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ حلقوں کی بنیاد پر پولٹری ، دودھ ،مچھلی ، سبزیوں ، باسمتی ، مشک بدجی اور بھیڑوں کے تعلق سے خصوصی دیہات قائم کئے جانے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 2014ء کے سیلاب میں تباہ ہوئی تمام آبپاشی نہروں کو بحال کیا جارہا ہے۔