سرینگر //جموں و کشمیر میں فری ڈرگ پالیسی کے اطلاق کو دو سال کا عرصہ گزرچکا ہے تاہم ریاستی سرکاری نے اس کیلئے کوئی بھی مخصوص رقم فراہم نہیں کی ہے۔ ریاست کے تینوں صوبوں میں محکمہ صحت کے زیر نگرانی کام کرنے والے سرکاری اسپتالوں کیلئے صرف 20کروڑ روپے مفت ادویات فراہم کرنے کیلئے دئے جارہے ہیں جن میں کشمیر صوبے بشمول لداخ میں محکمہ صحت کے 2102طبی اداروں کیلئے صرف 10 کروڑ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔ ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ ان طبی اداروں میں 9ضلع اسپتال، 2مخصوص ٹروما سینٹر، 50 ایس ڈی ایچ، 232پی ایچ سی، 325نئی پی ایچ سی، 8ضلع ٹی بی لیبارٹری اور 2 اربن ہیلتھ سینٹر بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صحت کے اسپتالوں میں 1کروڑ 20لاکھ مریض ایک سال میں علاج کیلئے آتے ہیں جبکہ 5لاکھ لوگوںکاداخلہ اسپتالوں میں ہوتا ہے جن میں 60ہزار سے زائدمریضوں کو جراحیوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 8سے 10 کروڑ روپے کی ادویات میں محکمہ صحت کو 125آپریشن تھیٹروں کیلئے سال بھر کیلئے ادویات بھی فراہم کرناہوتی ہیں جونہایت کم ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے تحت 22آپریشن تھیٹر چل رہے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ فری ڈرگ پالیسی کیلئے پچھلے دو سال میں کوئی بھی پیسہ نہیں دیا گیا بلکہ اسپتالوں میں دی جانے والی ادویات کو re routeکیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صحت کے تحت کام کرنے والے اسپتالوں میں فری ڈرگ پالیسی کے اطلاق کے بجائے ادویات کو مخصوص مقدار میں دیا جارہا ہے اور اب معلوم ہوتا ہے کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر ، سب ضلع اسپتالوں اور ضلع اسپتالوں کو قلیل مقدار میں ادویات دی جاتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہریانہ اور تامل ناڈو کے علاوہ بھارت کی دیگر30ریاستوں میں جہاںفری ڈرگ پالیسی لاگو کی گئی ہے ،کو نیشنل ہیلتھ میشن کے تحت 200سے300کروڑ روپے فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ نیشنل ہیلتھ میشن کے تحت کشمیر میں چند مخصوص اسکیموں کے لئے پیسے فراہم کئے جاتے ہیںجو اسپتالوں میں مخصوص اسکیموں کی عمل آوری میں بھی پورے نہیں ہوتے۔ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن ڈاکٹر موہن سنگھ نے کہا’’ ہمارے پاس چند مرکزی اسکیموں کی عمل آوری کیلئے پیسہ آتا ہے جو ہم مختلف سرکاری اسپتالوں کو فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس ایس کے تحت ابتک این ایچ ایم نے وادی کے مختلف اسپتالوں میں 24کروڑ 72لاکھ اور 26 ہزار روپے فراہم کئے ہیں۔ واضح رہے کہ وادی کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے محکمہ صحت کے 2102 طبی اداروں میں سے اننت ناگ ضلع میں 204، بانڈی پورہ میں 286،بڈگام میں 224،گاندربل میں 90، سرینگرمیں 129، شوپیاں میں 74، پلوامہ میں149، کلگام میں 166، کپوارہ میں 312 لیہہ میں 159اور کرگل کے203 چھوٹے بڑے طبی ادارے شامل ہیں۔