سرینگر// ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی کی والدہ شب قدر کوانتقال کرگئیں۔ انہیں جمعہ کو نماز فجر کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔اُن کے انتقال پر مختلف مزاحمتی،مذہبی اورسماجی تنظیموں نے افسوس کا اظہار کیا۔ماس مومنٹ بیان کے مطابق اہل خانہ نے کہاہے کہ تعزیت پرسی کا سلسلہ تین روز تک رہے گا اورکوئی چہارم نہیں ہوگا،تاہم انکے آبائی قبرستان پر اتوار کو اجتماعی فاتحہ خوانی ہوگی۔ادھر تنظیم کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پرنس سلیم،عبدالرشید لون اورزاہد احمد کے علاوہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس دوران حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی ، تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر،پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع اور ٍڈیموکریٹک پولیٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس شاہ نے ماس مومنٹ سربراہ کی والدہ کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کے لیے دُعا کی ہے۔گیلانی نے کہا کہ اس پورے گھرانے نے تحریکِ آزادی کشمیر میں بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں اور ہم سب ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بیان کے مطابق گیلانی کی ہدایت پر عبدالحمید ماگرے، عمر عادل ڈار، سید امتیاز حیدر، سجاد احمد اور نثار احمد فریدہ بہن جی کے گھر گئے اور انہوں نے ان تک موصوف کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔