غلام محمد
سوپور//سوپور قصبہ میں ایشیا کی دوسری سب سے بڑی پھل منڈی میں پھلوں کے تاجروں نے پیر کو ایک انتخابی مہم اور کنونشن میٹنگ کی۔سابق صدر مشتاق احمد تانترے کی سربراہی میںمنعقدہ اجلاس میںمنڈی سے وابستہ سینکڑوں پھلوں کے تاجروں نے اس بھرپور مہم میں حصہ لیا۔کنونشن کے دوران مختلف مقررین نے تاجروں اور منڈی کی فلاح و بہبود پر زور دیا۔پھلوں کے تاجروں کو درپیش مسائل اور شکایات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ا
یک سینئر تاجر منظور احمدبٹ نے کہا کہ اگرچہ اس منڈی کو ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی کا نام دیا گیا ہے لیکن اس منڈی کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ تاجر اور منڈی کی بہتری کے لیے مشتاق تنترے صحیح انتخاب ہے جس کو آپ اپنا ووٹ دیں۔ مشتاق احمد تانترے نے کہا کہ کچھ خود غرض عناصر نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے اس تاریخی منڈی کی شان کو گھٹا دیا ہے، انہوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے منڈی اور پھلوں کے تاجروں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں کے تاجروں اور منڈی کے مفاد کے لیے انتھک محنت کریں گے جیسا کہ اقتدار میں ہوتے ہوئے کر چکے ہیں۔