سرینگر// لبریشن فرنٹ اور محاذ آزادی نے سرینگر ٹائمز کے بانی مدیر اور وادی کشمیر کے نامور قلم کار مرحوم صوفی غلام محمد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت اداکیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک دور اندیش انسان، قلم کار، بے خوف صحافی اور حلیم انسان تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی کاوشوں سے ایک بڑا کشمیری ادارہ ’ سرینگر ٹائمز‘ استوار کیا اور آج یہ ادارہ ایک تناور درخت بن کر کشمیریوں کی ترجمانی کررہا ہے۔درایں اثناء محمد یاسین ملک نے ترمبوخاندان کے جوان سال فرزندحسیب ترمبو کی وفات پر بھی گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹ چیئرمین نے کہاکہ ایک جوان سال فرزند کی وفات خود ہمارے لئے بھی صدمہ ہے ۔اس دوران محاذ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے مرحوم صوفی غلام محمد کو اُن کی برسی کے موقع پر عزت اور احترام کے جذبات سے یاد کرتے ہوئے اُنہیں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ محاذ آزادی کے محمد اقبال میر اور قطب عالم نے بھی مرحوم صوفی غلام محمد کی برسی پر انہیںخراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد نے کشمیر میں اردو صحافت کو فروغ دینے میں ایک اہم رول اداکیا او ر صحافت کی دنیا میں ایک خاص مقام حاصل کیا ۔