سرینگر// عوامی نیشنل کانفرنس صدر بیگم خالدہ شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر میں ضمنی پارلیمانی نشستوں کا چناو¿ اس وقت عمل میں لایا جا رہا ہے جب ریاست پرفرقہ پرستی کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کے لئے بی جے پی اور پی ڈی پی کی حکومت نے راستہ ہموار کر دیا ۔بیگم خالدہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نئی پروان چڑھنے والی فرقہ پرستی کی سرگرمیاں اور یلغار کو کچلنے کے لئے سیکولر قوتوںکی یکجائی اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ بیگم خالدہ شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاسی منظر نامے میں کئی تبدیلیاں آئیں لیکن آج اس ریاست کی فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور رواداری کو دفن کرنے کی خطرناک سازشیں ہو رہی ہیں ۔ اس صورت حال میں کشمیر میں دو پارلیمانی حلقوں کے ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور موجودہ ضمنی چناو¿ کا یہ وقت سیاسی بصیرت اور غیرت کے امتحان کا وقت ہے موجودہ زیر نظر حالات کے پیش نظر عوامی نیشنل کانفرنس نے پارلیمانی حلقہ سرینگر کے لئے نیشنل کانفرنس کے نامزد امیدوا ر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے کانگریس کے نامزد امید وارغلام احمد میر کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو پس پشت ڈالا نہیں جا سکتاجبکہ کئی نسلوں نے اب تک اس مسئلہ کوحل کرنے کے لئے عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ’ ہماری پارٹی نے ہمیشہ حل طلب تنازعہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا ہے اور آج بھی اس موقف پر قائم ہے اور امید ہے کہ لوک سبھا کے لئے ریاست سے منتخب امید وار فرقہ پرستی کے خلاف اور ریاست کے سبھی مسائل حل کرنے کی جنگ میں ہمہ تن مصروف رہیں گے۔