سرینگر//کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے فرقہ پرست طاقتوں کو ریاست میں داخل ہونے کیلئے راہ داری فراہم کی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی زمینی سطح پر اپنی ساخت اور عوامی اعتماد کھوچکی ہے لہٰذا عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی ڈرامہ رچ رہی ہے ۔ حلقہ انتخاب ڈورو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جموںوکشمیر میں فرقہ پرست طاقتوں کو داخل ہونے کیلئے سہولیت کا رکاکردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر پی ڈی پی کشمیری عوام کو مایوس کر دیا اور یہ کہ پارلیمانی ضمنی انتخابات فرقہ پرست طاقتوں کو جواب دینے کا بہترین موقع ہے ۔ غلام احمد میر نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ڈی پی کی استحصالی اور موقع پرست سیاست سے ہوشیار رہیں کیونکہ یہ جماعت ضمنی انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے عوام کو طرح طرح کے نعرے اور بیانوں سے گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پی ڈی پی کے جھوٹے وعدوں اور منفی پروپگنڈے سے ہوشیار رہیں اور ان کی استحصالی سیاست کے شیشے میں نہ اتریں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ضمنی انتخابات میں نتائج سے قبل ہی اپنی ہار دیکھ رہی ہے اور اب وہ لوگوں کو پولنگ عمل سے دور رکھنے کیلئے کوششیں کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت لوگوں کی تحریک کو ایام پولنگ کے دوران محدود کرنے کی تگ و دو میں ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ہڑتال کے باعث لوگوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی پی ہی ہے جو شٹ ڈائون کی سیاست کا کھیل رچ کر سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن لوگ اس جماعت کے مکرو عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا جنوبی کشمیر پی ڈی پی کے خلاف ووٹ کریگا کیونکہ اس جماعت نے لوگوں کو دوہری پالیسی سے استحصالی سیاست کا شکار بنایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ جماعت نے حساس معاملات پر عوام کا استحصال کیا ۔ غلام احمد میر نے بتایا کہ پی ڈی پی نے افسپا ، فوجی انخلاء ، نظربندوں کی رہائی اور دیگر معاملات پر لوگوں کا استحصال کیا جبکہ اس نے اقتدار میں آنے کیلئے اس جماعت سے ہاتھ ملایا جس کے خلاف انہوں نے کشمیری عوام سے منڈیٹ طلب کیا ۔