عظمیٰ نیوز سروس
جموں// اقتصادی جرائم ونگ – کرائم برانچ جموں نے جعلسازی میں ملوث جعلساز کے خلاف 158 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں پیش کی۔ جعلساز کے خلاف مجرمانہ سازش رچنے اور جعلی پی آر سی جاری کرنے کے عوض پاک زیرِ انتظام کشمیر کے پناہ گزینوں سے 4,49,692 روپے لوٹنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ کرائم برانچ ترجمان نے بتایا کہ گرنام سنگھ ولد گیان سنگھ سکنہ نئی بستی کوروٹانہ ، تحصیل سچیت گڑھ، آر ایس پورہ جموں کی طرف سے درج کرائی گئی ایک تحریری شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم جلبھی تحصیل بھمبر ضلع میرپور کا ایک رہائشی ہے اور وہ جعلی دستاویزات تیار کرکے اس کے حق میں مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ میں ہیرا پھیری کی۔ پی آر سی (مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ) حاصل کرنے کے بعد ملزم نے متعلقہ ریونیو اتھارٹیز کے ساتھ ملی بھگت کی اور دھوکہ دہی کو روکنے کیلئے اصل فائل اور ریکارڈ کو تلف کر دیا اور بعد میں PRC کو حقیقی کے طور پر متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا تاکہ POJK کے پناہ گزین کے طور پر ون ٹائم سیٹلمنٹ ریلیف کا دعویٰ کیا جا سکے۔ شکایت موصول ہونے پر ابتدائی تصدیق شروع کی گئی اور تحقیقات کے دوران الزامات کی پہلی نظر میں تصدیق کی گئی، جس کے نتیجے میں گہرائی سے تفتیش کے لیے باضابطہ مقدمہ درج کیا گیا۔ تفتیش کے دوران متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، سائنسی، حالاتی اور دیگر مادی شواہد اکٹھے کیے گئے اور ان کے خلاف آر پی سی کی دفعہ 420، 465، 467، 468، 471، 201، 120-بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم کے خلاف چارج شیٹ کو عدالتی فیصلہ کے لیے عدالت میں پیش کی گئی۔