عظمیٰ نیوز سروس
جموں//کرائم برانچ نے ہفتہ کو بتایا کہ تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں ایک سب انسپکٹر اور ایک ٹیچر شامل ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری ملازمتیں حاصل کی تھیں۔تینوں ملزمان کی شناخت سب انسپکٹر مہندر پال، استاد گووند کمار اور آنگن واڑی ورکر شکیلہ بانو کے طور پر کی گئی ہے، یہ سبھی جموں خطے سے ہیں۔جموں کرائم برانچ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بینم توش نے بتایا کہ کرائم برانچ(اقتصادی جرائم ونگ)پولیس سٹیشن میں تین الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔پال، جو اس وقت انڈین ریزرو پولیس کی چوتھی بٹالین میں تعینات ہے، راجوری کی نوشہرہ تحصیل کے اپر نونیال کا رہائشی ہے، اور اس پر 1995 میں جعلی تعلیمی قابلیت کے دستاویزات کا استعمال کرکے محکمہ پولیس جموں و کشمیر آرمڈ پولیس میں ملازمت حاصل کرنے کا الزام ہے۔حکام نے بتایا کہ محکمانہ انکوائری رپورٹ اور ابتدائی تصدیقی رپورٹ نے پہلی نظر میں ایک قابل شناخت جرم کا انکشاف کیا ہے۔سچیت گڑھ کے بچن لال کی تحریری شکایت پر، گائوں کھمب، آر ایس پورہ کے کمار کے خلاف 2004 میں ایک جعلی مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی)کا استعمال کرکے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رہبرِ تعلیم (ری ٹی) ٹیچر کے طور پر نوکری حاصل کرنے کے لیے ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ایک علیحدہ تحریری شکایت کے مطابق، ضلع رام بن کے کھاری گائوں کے استاد غلام حسن نائک پر الزام ہے کہ اس نے اپنی ناخواندہ بیٹی شکیلہ بانو کے بطور AWW انتخاب کو یقینی بنانے کے لیے سکول ریکارڈ میں ہیرا پھیری کی۔شکایت کے مطابق، نائیک کی پیدائش 6 دسمبر 1966 کو ہوئی تھی، اور ان کی بیٹی کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1976 تھی – باپ اور بیٹی کی عمر میں صرف نو سال اور 26 دن کا فرق ہے۔شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ بانو ناخواندہ ہے اور نوکری حاصل کرنے کے لیے، اس کے والد نے اسکول کے ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، اور اس طرح جعلسازی کا ارتکاب کیا۔انہوں نے کہا کہ شکایت کے مواد اور ابتدائی تصدیقی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔