عظمیٰ نیوز سروس
؎لیل//فرانس سے برطانیہ جانے کی کوشش کے دوران بحرِ مانش میں کشتی ٹوٹنے سے ایک تارک وطن ہلاک ہو گیا جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔فرانسیسی میرٹائم پریفیچر کے مطابق، 61 افراد کو حادثے کے بعد بچا لیا گیا۔ پیر کی سہ پہر مزید بتایا گیا کہ اتوار کو دو الگ واقعات میں 139 تارکین وطن کو بھی شمالی فرانس کے ساحل سے ریسکیو کیا گیا۔حکام کے مطابق، پیر کی صبح 2:30 بجے واقعے کی اطلاع ملی جس کے بعد فرانسیسی ریسکیو کشتی، برطانوی امدادی جہازوں اور فرانسیسی نیوی کے ہیلی کاپٹر کو متحرک کیا گیا۔بچائے گئے افراد میں ایک بچہ اور اس کی ماں بھی شامل ہیں، جو شدید سردی کا شکار ہو چکے تھے، انہیں فوری طور پر بولونی-سور-مر کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ادھرسنگاپور میں پیڈرا برانکا کے شمال مشرقی ساحل پر انڈونیشیائی کشتی الٹنے کے بعد اس میں سوار تمام 30 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر سنگاپور کو پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7:20 بجے ہانگ کانگ کے رجسٹرڈ کنٹینر شپ سے واقعے کی رپورٹ موصول ہوئی۔ مرکز نے تلاش اور بچاؤ آپریشن کو مربوط کیا اورقریبی جہازوں کو بحری نشریات جاری کیں۔ لائبیریا میں رجسٹرڈ بلک کیریئر کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا اور تمام 30 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا۔ بچائے گئے لوگوں کو انڈونیشیا کے شہر باتم میں اتارا جائے گا۔