مظفر آباد//حزب المجاہدین نے کہاہے کہ بارہمولہ کے فوجی کیمپ سے ہتھیار سمیت فرار ہونے والا پلوامہ کا اہلکارظہور احمد ٹھوکر حزب میں شامل ہوگیا ہے ۔حزب کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیاںزرخرید آر ایس ایس میڈیا کے ذریعے ،جموں وکشمیر میں القاعدہ ،آئی ایس ایس اور ایسے ہی اور ناموں سے کچھ تنظیمیں ٹھو نسنے کی کو شش کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار حزب کمانڈ کو نسل کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سربراہ سید صلاح الدین نے کی ۔اجلاس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی ٹیریٹوریل آرمی 173بٹالین سے وابستہ سپاہی ظہور احمد ٹھوکر اپنے ہتھیاروں سمیت حزب المجاہدین کے کارواں میں شا مل ہوگئے ۔ ظہور احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ آنے والے وقتوں میں وہ بھارتی فورسز میں شامل کشمیری بھائیوں اور ریاستی پولیس کے جوانوں اور افسروں کیلئے وہ نشان راہ ثابت ہوسکیں گے ۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ بھارتی ایجنسیاں سوشل میڈیا اور مودی آر ایس ایس میڈیا کے ذریعے ،جموں وکشمیر میں القاعدہ ،آئی ایس ایس اور ایسے ہی اور ناموں سے کچھ تنظیمیں ٹھو نسنے کی کو ششیںکررہی ہیں تاکہ کشمیریوں کی مقدس اور جائز جدوجہد کو عالمی سطح پر دہشت گردی اور مقامی سطح پر عام اور نہتے حریت پسند عوام کا قتل عام کرنے کا بہانہ حاصل کیا جاسکے ۔ حزب کمانڈ کو نسل یہ واضح کرنا چا ہتی ہے کہ ان تنظیموں کا جموں و کشمیر میں نہ کوئی وجود ہے اور نہ ہی ان کی کوئی ضرورت ہے،کشمیری عوام ایک جائز جدوجہد کررہے ہیں اور اس جدوجہد کو ایسے گھٹیا حربوں سے ناکام بنانے کی سازشیں اپنی موت آپ مریں گی ۔اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائیگا اور حصول منزل تک جدوجہد جاری رہے گی۔