کیرالا //پیغمبر دو عالم ؐ نے فرمایا ساری مخلوق اللہ کی عیال ہے چنانچہ جو لوگ اللہ کے عیال کی خدمت کرتے ہیں اللہ ان پر اپنی عنایتیں نازل کرتا ہے ۔ فرائض زندگی کے بعد خدمت خلق بہترین اور بڑی عبادت ہے۔اسے عبادت سمجھ کر رضاء الٰہی کی خاطرکرنا چاہئے ۔مصیبت زدہ انسانوں کے لئے خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہوتا ہے ۔کیرالا میں سیلاب کی مصیبت سے لاکھوں انسان پریشان ہوئے ان کی امداد کے لئے درد مندافراد کھڑے ہوئے اور اعانت کا کام انجام دیا ۔جمعیۃ علماء ہند ہندوستانی مسلمانوںکی قدیم خدمت گذار جماعت ہے ۔جو ان دنوں بھی اپنے مرکزی امیر حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپو ری دامت برکاتہم اور مرکزی قائد مولانا سید محمود مدنی کی رہنمائی و نگرانی میں بازآبادکاری پروجیکٹ کو روبہ عمل لانے میں مصروف ہے۔پچھلے دنوں مولانا محمود مدنی نے دو دفعہ اس علاقے کا دورہ کیا تو مرکزی سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بھی دو دفعہ اس علاقے میں پہنچ کر جائزہ لیا اور مولانا محمود مدنی کی رہنما ئی میں مصیبت زدگان کی امداد و اعانت کے لئے انتظامیہ بطور خاص ضلعی حکام اور وزیر اعلٰی سے بھی ملاقات کر کے سیلاب زدگان کی پریشانیوں کے ازالے کی طرف متوجہ کیا جس کو جلدانجام دینے کا ان حکام نے وعدہ بھی کیا ۔اسی کے ساتھ جہد مسلسل میں پیش رفت کرتے ہوئے آج مورخہ ۱۴؍ اکتوبر اتوار کی صبح دس بجے ارناکولم علاقے کے بزرگ عالم دین مولانا رفیق احمد (۸۷سال)کے مکان واقع ریحانہ منزل سر ی بودھ پورم میں سنگ بنیاد تقریب کا انعقاد آپ کی دعاوں سے کیا گیا ۔