سرینگر//پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے صدر فاروق عبد اللہ نے ہفتہ کو الیکشن کمشنر جموں کشمیر کے کے شرما کو ایک خط لکھ کر ڈی ڈی سی انتخابات کے اُمیدواروں کو حفاظت فراہم کرنے پر زور دیا۔
اپنے خط میں فاروق نے لکھاکہ کسی بھی حکومت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ جمہوری اداروں کی اُن بنیادوں کو تبدیل کرے جن کی پرورش ہزاروں سیاسی کارکنان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں الیکشن لڑنے والے اُمیدواروں کیلئے سیکورٹی کا مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے بلکہ وادی کے اندر خاص کر تین دہائیوں سے بہت ہی دردناک واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا”وادی میں جمہوریت کا سفر خون سے لبریزہے،اس میں ہزاروں سیاسی کارکنان کا لہو شامل ہے جنہوں نے جمہوریت کیلئے اپنی جانیں دیں“۔
انہوں نے مزید لکھا کہ سیکورٹی کو بہانہ بناکر جمہوری اصولوں کو تبدیل کرنا ان قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے۔