سری نگر// نیشنل کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بدھ کو تیسرے پہرمیڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ (سکمز) سے رخصت کیا گیا۔اس سے قبل آج ہی اُن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آیاتھا۔
فاروق کے بیٹے عمر عبد اللہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدکو ڈاکٹروں نے گھر کے اندر آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور فی الحال اُن کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں کرسکتا ہے۔
فاروق کا 30 مارچ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے چند روز بعد انہیں 3 اپریل کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر میں بہتر نگہداشت کے لئے داخل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پہلی بار کورونا مثبت آنے کی اطلاع ان کے فرزند اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے آفئشل ٹویٹر ہینڈل پر دی تھی۔
پچاسی سالہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے رواں ماہ کی 2 تاریخ کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین لگوائی تھی۔