نئی دہلی//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت چین سے اس کے زیر قبضہ کشمیر کا حصہ واپس لینے کی طاقت نہیں رکھتا۔پیر کو نئی دلی میں ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت سے کشمیری زبان میں حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے کہا کہ بھارت چین سے اس کے زیر قبضہ کشمیر کا حصہ واپس لینے کی طاقت نہیں رکھتا۔اس ضمن میں ان کا کہنا تھا’’لداخ میں چین نے اکسائے چن پر قبضہ کرلیا ہے ،ہم اس پر شور مچاتے ہیںلیکن اسے علاقے کو بیجنگ سے واپس لینے کی طاقت نہیں رکھتے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جنگ مسئلے کا کوئی حل نہیں بلکہ چین کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کیلئے اس کے ساتھ دوستی کرنی ہوگی۔ڈاکٹر فاروق نے مرکز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا’’بھارت کو اپنی سفارتی چینلوں کو مزید متحرک کرکے یہ معاملہ حل کرنا چاہئے ، چین پاکستان کا دوست ہے، اگر ہم نے چین کے ساتھ دوستی کی ہوتی تو آج وہ پاکستان کا دوست نہیں ہوتا‘‘۔انہوں نے کہا کہ چین کراکرم بائی پاس تعمیر کرنا چاہتا ہے جو اس کا سلک روٹ بنے گا اور اسے بندرگاہ کے ساتھ جوڑ دے گاجو چین کے زیر قبضہ علاقے سے ہوکر گزرے گا۔ان کا کہنا تھا’’دلائی لامہ ایک اور مسئلہ ہے، چین کا مطالبہ ہے کہ اسے ان کے حوالے کیا جائے ، بھارت جانتا ہے کہ کسی کو کیسے پناہ دینی ہے؟وہ کسی کو ملک سے باہر نہیں پھینک سکتا‘‘۔