سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے برادرمفتی تصدق حسین کی کابینہ میں ممکنہ شمولیت کے بیچ حج و اوقاف کے ریاستی وزیر مملکت سید فاروق اندرابی وزارتی کونسل سے مستعفی ہوگئے ہیں۔اگر چہ ممبر اسمبلی ڈورو (اننت ناگ)سید فاروق اندرابی کے استعفے کی بات جمعرات کو منظر عام پر لائی گئی تاہم کشمیر عظمیٰ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سنیچر کو فاروق اندرابی نے وزارتی کونسل سے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو سونپ دیا تھا۔اگر چہ انکے استعفے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اسکے پیچھے ذاتی وجوہات ہیں لیکن معلوم وا ہے کہ تصدق مفتی کو کابینہ میں لئے جانے کے پیش نظر فاروق اندرابی نے از خود وزارتی کونسل سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے ک فاروق اندرابی کو وقف بورڈ کا وائس چیئر مین بنایا جارہا ہے جس کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہے۔واضح رہے کہ سید فاروق اندرابی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے موسا بھی ہیں ۔ان کے پاس حج اور اوقاف کا آزادانہ چارج تھا اور وہ اری گیشن، فلڈ کنٹرول، پی ایچ ای ، بجلی اور صنعتوں کے وزیر مملکت بھی تھے۔ذرائع نے مزیدبتایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان کا استعفیٰ منظوری کیلئے ریاستی گورنر این این ووہرا کو بھیج دیا ہے۔تصدق مفتی کو قانون ساز کونسل کا ممبر بنایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں گورنر کو سمری بھیج دی گئی ہے۔تاہم گورنر نے اس حوالے سے ایک معمولی اعتراض اٹھا کر سمری واپس کردی ہے اور یال کیا جارہا ہے کہ آج سمری واپس بھیج دی جائے گی۔ باور کیا جارہا ہے کہ مفتی تصدق حسین کو جموں میں قانون سازیہ کا بجٹ اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی وزارتی کونسل میں شامل کیا جارہا ہے۔بجٹ اجلاس دو جنوری2018سے شروع ہوگا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مفتی تصدق کو وزراتی کونسل میں شامل کرنے کیلئے بعض پی ڈی پی وزراء کے قلمدانوں میں پھیر بدل کا بھی امکان ہے۔