سرینگر //وزیر مملکت برائے حج و اوقاف ، صنعت و حرفت سید فاروق احمد اندرابی اور وزیر مملکت برائے جنگلات ، ماحولیات ، پشو و بھیڑ پالن میر ظہور احمد نے راجباغ سلک فیکٹری کا دورہ کیا ۔ وزراء نے سلک فیکٹری راجباغ میں شو روموں کا معائینہ کیا اور ان تجارتی یونٹوں میں ریشمی مصنوعات کے بارے میں جانکاری حاصل کی جو وہاں فروخت کیلئے رکھے گئے ہیں ۔ وزراء نے کام کر رہے ورکروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست میں صنعتوں کی توسیع و فروغ کیلئے پُر عزم ہے ۔ میر ظہور نے ورکروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں معیاری مصنوعات ہی تیار کرنے کی ہدایت دی انہوں نے ان مصنوعات کے بارے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر پر بھی زور دیا ۔اس دوران وزراء نے پانپور جوائینری مل کا دورہ کیا۔ انہوںنے یونٹ میںفرنیچرکے بارے میںجانکاری حاصل کی۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کو ان ملوں میں کام کر رہے ورکروں کیلئے ریفریشر کورسز کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی تا کہ اُن کے ہُنر میں مزید نکھار پیدا ہو سکے ۔ رُکنِ اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ ، وائس چئیر مین جے اینڈ کے انڈسٹری بورڈ گلزار احمد ڈار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے انڈسٹریز جاوید احمد اور محکمہ صنعت و حرفت کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔