عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے کل اَپنے تین ماسٹر کاریگروں کو فنون اور دستکاری شعبے میں عمدہ اور بہترین کارکردگی کے لئے پدم شری اور جموںوکشمیر حکومت ایوارڈ حاصل کرنے پر دِلی مُبارک باد پیش کی۔سری نگرکے مشہور کانی بُنکر فاروق احمد میر کو کانی بُنائی کے منفرد فن کو فروغ دینے میں اُن کی 60 برس کی ثابت قدمی کے اعتراف میں پدم شری ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا۔ اِسی طرح سونپاہ بیروہ بڈگام کے مختار احمد بٹ (سوزنی کڑھائی کے لئے) اوربادام واری سری نگر کے مشتاق احمد خان (کانی بُنائی کے لئے ) کو جموں و کشمیر حکومت کے ایوارڈز سے نوازا جانا اُن کی محنت اور دستکاری کے میدان میں جدت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر مسرت اسلام نے ایوارڈ یافتگان کو کشمیر ہینڈی کرافٹس کا نام روشن کرنے اور نوجوان نسل کو وادی میں ہاتھ سے تیار کردہ بہترین مصنوعات بنانے کی روایت کو جاری رکھنے کی ترغیب دینے کے لئے سراہا۔ اُنہوں نے کہا، ’’اِس اعزاز سے کانی بُنائی کے دیسی دستکاری کے ساتھ ساتھ پشمینہ کپڑوں پر پیچیدہ سوزنی کڑھائی کو بھی تقویت ملے گی جو عالمی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر اُبھرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘‘ بعد اَزاںاَفسران کی ایک ٹیم نے چھانہ پورہ میں پدم شری ایوارڈ یافتہ فاروق احمد میر کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اُنہیں اور ان کے اہل خانہ کو ذاتی طور پرمُبارک باد پیش کی۔