عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایچ ایم ٹی زینہ کوٹ کی انڈسٹریل اسٹیٹ کے اندر یونٹ ہولڈرز نے فائر اسٹیشن کی عدم موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعدد واقعات کا حوالہ دیا ہے۔ انڈسٹریل اسٹیٹ کے سابق صدر کمار جی وانچو نے فائر ٹینڈر اسٹیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چار دہائیوں کے مطالبے کے باوجود، ان کی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ گیارہواں یونٹ جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ سائٹ پر فائر ٹینڈر کے ساتھ نقصان کو کم کیا جا سکتا تھا۔متاثرہ یونٹ ہولڈرز نے ضروری انفراسٹرکچر کو نظر انداز کرتے ہوئے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے حکومتی دعووں کے تضاد کو اجاگر کیا۔ ایک اور یونٹ ہولڈر اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے سابق صدر نے فائر ٹینڈر کیلئے ان کی بار بار کی گئی اپیلوں کا جواب نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ کیا صنعتکاروں کے تئیں حکومت کی یہ سنجیدگی ہے؟صنعتی علاقے کے موجودہ صدر فاروق احمد نے بھی اسی طرح کے خدشات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فائر ٹینڈر اسٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے کاروبار تباہ کن آگ کا شکار ہو جاتے ہیں۔